lion

پنجاب وائلڈ لائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ کے قوانین کے تحت نایاب نسل کے جانوروں کی زندگی خطرے میں ڈالنا قانونا جرم ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں عوام کا جوش و جذبہ بڑھانے کے لیے شیر لانے کا رجحان عام رہا ہے۔ یاد رہے کہ مریم نواز کی انتخابی مہم کے دوران نایاب نسل کا سفید شیر گرمی برداشت نہ کرنے کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا تھا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا جس پر ڈبلیو ڈبلیو ایف اور فریال گوہر نے عدالت عالیہ میں رٹ دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، بعدازاں مریم نواز نے تردید کی اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا لیکن صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 150میں ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) کے متوالے ایک بار پھر زندہ شیر لے کر آئے جو حاضرین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر نایاب نسل کے جانوروں کو عوامی تقریبات میں لانے پر پابندی عاید کرے کیوں کہ اس سے نہ صرف جانور کی زندگی کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں بلکہ کوئی بھی حادثہ وقوع پذیر ہوسکتا ہے۔